مولا چٹک کا قدرتی حسن اور اِس پہاڑی سلسلے کی تاریخی اہمیت۔
عبدالحلیم حیاتان ملا چٹک خضدار کے علاقے مولا میں واقع ہے۔ مولا چٹک کا خضدار شہر سے زمینی فاصلہ تقریباً 65 کلومیٹر ہے جو خضدار سے شمال مشرق کی سمت میں پڑتا ہے۔ مولا چٹک کی وجہ شہرت یہاں کے پہاڑوں سے نکلنے والے متعدد چھوٹی بڑی آبشاریں ہیں اِس وجہ سے اِس کا نام مولا چٹک پڑا ہے۔ لیکن جِس پہاڑی سلسلے میں مولا چٹک کا قدرتی حسن چھپا ہے اِن پہاڑوں کی ایک تاریخی اہمیت بھی ہے اور یہ اہمیت بلوچستان کی مزاحمتی تحریک کی نسبت سے جوڑا جاتا ہے۔ عیدالاضحٰی کی تعطیلات کے دوران مجھے بھی مولا چٹک کے سفر کا موقع ملا۔ اِس سفر میں برکت اللہ، شفقت علی، حاجی اختر اور شکور میرے ہمسفر رہے تھے۔ مولا چٹک کی مسافت خضدار شہر سے تقریباً پانچ گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے۔ ملا چٹک کا راستہ شہداد کوٹ سندھ کی سڑک سے نکلتا ہے لیکن یہ راستہ انتہائی خستہ حال، دشوار گزار اور پہاڑی سلسلوں پر مشتمل جو کئی بڑی اور چھوٹے چڑھائی عبور کرنے کے بعد مولا چٹوک تک پہنچتا ہے جِس کی وجہ سے سفر میں پانچ گھنٹے صرف ہوتے ہیں۔ مولا چٹک کے قدرتی حسن کو ایکسپلور کرنے کے لئے سیاحوں کو کھٹن سفر کے لئے ذہنی طور پر...