گوادر کا خوبصورت کپیسی بیچ
ضلع گوادر کا ساحل اپنے منفرد محل و وقوع کی وجہ سے دلفریب مناظر کا مجموعہ ہے۔ یہاں کے چمکتے ہوئے ساحل اور بیچز اپنے قدرتی حسن کی وجہ سے اپنے دیکھنے والوں کو اپنی طرف مائل کرتے ہیں۔ ضلع گوادر کے ساحل پر متعدد بیچز واقع ہیں جہاں جانے کے بعد آپ اس کی خوبصورتی کا دلدادہ بن جاتے ہیں۔
آئیئے ہم آپ کو ایسی ہی ایک بیچ کے بارے میں بتاتے ہیں۔ یہ بیچ گوادر شہر کے جنوب میں واقع کوہ باتیل کے مشرق جنوب کی طرف پڑتا ہے۔ اس بیچ کو کپیسی کہتے ہیں۔ کپیس بلوچی زبان میں کچھوے کو کہتے ہیں اور مقامی لوگوں کے مطابق اس بیچ کا نام اس لئے کپیسی پڑا ہے کیونکہ یہاں پر کچھوے انڈے دیتے ہیں اور یہ بیچ کچھووں کی نایاب نسل کی محفوظ پناہ گاہ بھی ہے۔
کپیسی بیچ کا شمار ضلع گوادر کی خوبصورت ترین بیچز میں ہوتا ہے۔ یہ بیچ کوہ باتیل کی بہترین تفریح گاہ اور ساتھ ہی کچھووں کی محفوظ پناہ گاہ بھی ہے۔ میرین ایکسپرٹ کا کہنا ہے کہ جن بیچز پر تفریحی سرگرمیاں بڑھ جاتی ہیں تو وہاں پر آبی حیات کی موجودگی معدوم ہوجاتی ہے۔
کپیسی بیچ واقعی دیکھنے کے قابل ہے۔ تفریحی سرگرمیاں کسی بھی علاقے کی مقامی معشیت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں لیکن یہاں پر تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کچھووں کی نایاب نسل کو بچانا بھی پیش نظر ہونا چاہیئے۔
Comments
Post a Comment