ماضی کے گوادر کا تاج محل سنیما

 عبدالحلیم حیاتان  

یہ تصویر گْوادر میں موجود تاج محل سنیما کی عمارت کی ہے جو ماضی کے سنیما کے سنہرے دور کی یاد دلاتا ہے۔ کسی زمانہ میں گْوادر شہر میں تاج محل سنیما رونقوں کی بہار لے کر جاگتا رہا ہے۔ بڑے پردے کی یہ سنیما برسوں قبل گْوادر شہر کے فلم کے چاہنے والوں کے لئے غیر معمولی تفریح کا مرکز بنا رہا ہے جہاں ہر عمر کے افراد شام ڈھلتے ہی اِس سنیما کا رُخ کرتے تھے۔ بڑے پردے پر جب فلم لگتی تو فلم بین پوری انہماک سے فلم دیکھتے۔ تاج محل سنیما میں فلم بینوں کی بڑی تعداد کو سنیما تک رسائی کے لئے "دو ٹائم شو" کا اہتمام کیا جاتا تھا۔ ہر شو میں فلم بینوں کا جوش و خروش دیدنی ہوتا۔ 

کہتے ہیں کہ گْوادر کی سنیما میں ایک روایت بھی رہی ہے اور وہ روایت یہ تھی کہ جب فلم چاہنے والوں کے پسندیدہ اداکار  بڑے پردے پر جلوہ افروز ہوتے تو یہ فلم چاہنے والے پردے کے سامنے جاکر پردے پر سکے اور نوٹ نچاور کرکے اپنے اپنے پسندیدہ اداکاروں سے اپنی محبت کا اظہار کرتے۔  

پاکستانی اُردو اور پنجابی زبانوں پر فلمائے گئے فلموں کو بڑے ذوق و شوق سے دیکھا جاتا تھا۔ اداکارہ انجمن کے ڈھمکوں پر منچلے خوشی سے نہال ہوتے۔ جب سلطان راہی مصفطی قریشی پر وار کرتا تو سلطان راہی کے شیدائی واہ واہ کرتے اِسی طرح مصطفی قریشی سلطان راہی کو جب زیر کرتا تو مصفطی قریشی کے شیدائی خوشی مناتے۔ سیٹیوں اور تالیوں سے سنیما کا ھال گونج جاتا اور یہ گہما گہمی فلم ختم ہونے تک جاری رہتا۔ 

پھر جب صبح بازار اور چائے خانے پر بھیٹک لگتی تو فلم چاہنے والے فلم کی کہانی پر گُفتگو کرتے۔ فلم کی کہانی میں کمی بیشی، اس کی موسیقی، گانوں، فلم کے فلاپ اور سپرہٹ ہونے پر ہر کوئی اپنا نقطہ نظر پیش کرتا۔ فلمی ھیروز کی تعریف کے پل باندھے جاتے اور ھیرونوں کی خوبصورتی کی داد دیئے جاتے۔ شام کو پھر سے اچھی اور معیاری فلم دیکھنے کی خواہش لے کر فلم چاہنے والے سنیما کا رُخ کرتے۔ 

گْوادر شہر میں ندیم، وحید مراد، غلام محی الدین، محمد علی اور دیگر نام ور پاکستانی اداکاروں کے بے شمار فینز ہوا کرتے تھے اور یہ فینز اپنی گھروں اور دکانوں میں اِن اداکاروں کے پوسٹر سجائے رکھتے تھے۔ رفتہ رفتہ سنیما کی اہمیت ختم ہوگئی تو گْوادر میں بھی سنیما سمیٹ لی گئی۔ یوں گْوادر کی سنیما کی تاریخ کا خوش گوار باب بند ہوگیا۔ 

گْوادر میں موجود تاج محل سنیما کی یہ عمارت سنیما کے سنہرے دور کی حسین یادگار کے طور پر جانا جاتا ہے اور جس پیڑھی نے بھی سنیما کے دور کو دیکھا ہے وہ تاج محل سنیما سے جڑی اپنی یادوں کو بھلا نہیں سکتا۔ تاج محل سنیما کے علاوہ گْوادر شہر میں پدی زِر جہاں اب میرین ڈرائیو روڑ گزرتا ہے وہاں بھی ایک سنیما ہوا کرتا تھا جو بلوچستان ٹاکیز کے نام سے مشہور تھا مگر بلوچستان ٹاکیز کی عمارت کو مسمار کرکے اب وہاں گھر اور دکانیں تعمیر کی گئی ہیں۔

Comments

Popular posts from this blog

گْوادر، نام بڑے درشن چھوٹے

گْوادر کا تاریخی "واچ ٹاور"