گْوادر: قطر فیفا عالمی فٹبال ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا جنون
عبدالحلیم حیاتان
قطر میں جاری فیفا عالمی ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کا میلہ اپنی تمام تر رنگینیوں اور رعنائیوں کو سمیٹ کر اختتام پزیر ہوگیا ہے۔ اعداد و شمارے کے مطابق عالمی ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کا آغاز 1930 سے ہواتھا اور یہ اب تک کے عالمی ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کا 22 واں مقابلہ تھا۔ فٹبال عالمی کپ کے حصول کے لئے دنیا بھر سے 32 فٹبال ٹیموں نے کوالیفائی کرکے اس میں شرکت کی۔ یہ پہلی بار تھا کہ فٹبال عالمی کپ ٹورنامنٹ کے مقابلے کسی خلیجی ملک یعنی قطر میں منعقد کیا گیا تھا۔ لیکن قطر کی فٹبال کے عالمی کپ ٹورنامنٹ کے مقابلوں کی میزبانی نے دنیا بھر کو حیران اور ششدر کردیا۔ گیس کی دولت سے مالا مال قطر نے فٹبال کے عالمی کپ کے مقابلوں کی میزبانی کے تقریباً تمام ریکارڈ توڑ دیئے جس کی نظیر شاید ہی ملے۔
فٹبال دنیا کا سب سے مقبول ترین کھیل ہے دیگر کھیلوں کے مقابلے میں فٹبال کھیل کے مداح دنیا میں سب سے زیادہ ہیں۔ جہاں دنیا فٹبال کے عالمی کپ ٹورنامنٹ کے مقابلے جوش و خروش سے دیکھتی ہے وہی پر یہ مقابلے بلوچ علاقوں میں بھی پوری تیاری کے ساتھ دیکھنے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ کراچی کا مردم خیز علاقہ لیاری جب بھی فٹبال کے عالمی کپ ٹورنامنٹ کے مقابلوں کا آغاز ہوتا یے تو وہاں جشن کا سماں ہوتا یے۔ مخلتف گراؤنڈ میں بڑی اسکرین لگاکر فٹبال کے ہزاروں مداح بڑی شوق سے عالمی فٹبال ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے میچ دیکھتے ہیں۔
اسی طرح گوادر شہر میں بھی فٹبال کے عالمی کپ ٹورنامنٹ کے مقابلوں کو دیکھنے کا جوش و خروش سے اہتمام کیا جاتا ہے۔ جب فٹبال کے عالمی کپ ٹورنامنٹ کے مقابلے شروع ہونے کا وقت قریب ہوتا ہے تو گْوادر کے فٹبال کھیل کے مداح گلی محلوں میں اپنے پسندیدہ عالمی فٹبال ٹیموں کے جھنڈے دیواروں پر پینٹ کرتے ہیں اور اپنے گھروں کے اوپر اُن کے جھنڈے لہراتے ہیں۔ قطر میں 29 دنوں سے جاری رہنے والے فیفا عالمی فٹبال کپ 2022 کے ٹورنامنٹ کے مقابلوں کو گوادر کے فٹبال کے مداحوں نے بڑے شوق سے دیکھا۔
جی ڈی اے گوادر نے فٹبال کے مداحوں کو عالمی فٹبال کپ ٹورنامنٹ کے مقابلے دکھانے کے لئے میرین ڈرائیو پر واقع پبلک پارک میں بڑی اسکرین نصب کیا اس کے علاوہ فٹبال کے مداحوں نے انفرادی طورپر سورگ دل گراؤنڈ اور گلی محلوں میں بڑی اسکرین اور ٹی وی سیٹ لگاکر اپنے شوق کی تسکین حاصل کی۔ یہاں تک کہ حق دو تحریک نے شہید لالا حمید چوک پر جاری اپنے احتجاجی دھرنے کے پنڈال میں بڑی اسکرین لگاکر دھرنے کے شرکاء کو فٹبال ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے میچز سے لطف اندوز کرایا جس سے یہ اندازہ لگانا چنداں مشکل کام نہیں کہ گوادر شہر فٹبال کے شیدائیوں کا اکثریتی شہر یے اور یہاں کے باسی فٹبال کے کھیل سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔
گوادر شہر میں تمام عالمی فٹبال ٹیموں کے مداح موجود ہیں جس میں برازیل، جرمنی، اٹلی، ارجنٹائن، پرتگال، انگلینڈ، اسپین اور فرانس وغیرہ شامل ہیں۔ رواں ماہ جب جرمنی کے سفیر مسٹر ایلفرڈ گراس نے گوادر کا دورہ کیا تو وہ شہر کے دیواروں پر پینٹ کئے گئے جرمن جھنڈے کو دیکھکر خوشگوار حیرت میں پڑگئے۔ جرمن سفیر نے دیوار پر پینٹ کی گئی جرمن جھنڈے کے ساتھ سلفی بناکر اسے مائکرو بلاگنگ ویب سائیٹ یعنی ٹویئٹر پر شئیر کیا۔ جرمن سفیر گوادر میں جرمن ٹیم کی بے حد مقبولیت سے بہت متاثر ہوئے۔
فٹبال کے عالمی کپ ٹورنامنٹ مقابلے ختم ہوچکے ہیں لیکن 29 دنوں تک گوادر شہر میں فٹبال کا جو جنون تھا وہ ہر طرف سر چڑھکر بولنے لگا تھا۔ کیا جوان ہو، بچے ہوں یا پیر و مرد سب نے قطر فیفا فٹبال ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے مقابلوں سے خوب لطف اٹھایا۔ ہر طرف جشن کا سماں نظر آرہا تھا۔ میچ کے دوران منچھلوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔ مقامی گلوکاروں نے تعریفی گیت گائے اور مختلف عالمی فٹبال ٹیموں کے مداحوں نے اپنی پسندیدہ فٹبال ٹیموں کے جرسی میں ملبوس ہوکر ان کے جھنڈے تھام کر شادکامی والے موٹر سائیکل ریلیاں نکالی۔
ارجنٹائن کی فائنل میچ میں فتح کے بعد ارجنٹائن فٹبال ٹیم کے مداحوں نے خوب جشن منایا، بھگنڑے ڈالے اور لیئون میسی اینڈ ٹیم کو بھرپور داد و خراج پیش کیا۔ یوں 2022 کا عالمی فٹبال ورلڈ کپ ٹورنامنٹ گوادر شہر میں ایک خوشگوار حیرت چھوڑکر رخصت ہوا۔
Comments
Post a Comment