گوادر کی قدیم ٹیلی گراف عمارت کے بحالی منصوبے کا آغاز
گوادر کی قدیم ٹیلیگراف کی عمارت کی بحالی کے منصوبہ کا آغاز۔
عبدالحلیم حیاتان
ادارہ ترقیات (جی ڈی اے) گوادر کی جانب سے گوادر کی ایک سو باون سالہ ٹیلیگراف آفس کی قدیم عمارت کی بحالی کے لئے اِس کی تزئین و آرائش کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ قیاس کیا جاتا ہے کہ 1870 عیسوی میں برطانوی حکام نے کلکتہ انڈیا سے برصغیر اور پرشئین گلف تک اپنے مواصلاتی نظام کا نیٹ ورک پھیلایا جس کی ابتداء 1870ء میں کی گئی۔
برطانوی حکام نے اپنے اِس مواصلاتی نظام کے نیٹ ورک کو پہلے انڈیا سے ضلع لسبیلہ تک پہنچایا اِس کے بعد اسے گوادر، پھر گوادر سے لیکر ایران کے ساحلی شہر چاہ بہار تا ایران لے جایا گیا۔ اِس مقصد کے لئے ٹیلیگراف کا ایک اسٹیشن گوادر میں بھی قائم کیا گیا۔ یہ عمارت اُس کو دور کی نشانی بتائی جاتی ہے۔
تاہم گوادر کا پاکستان کے ساتھ الحاق کے بعد ٹیلیگراف کی یہ عمارت تار آفس کی سہولت کے لئے استعمال کی گئی جسے بعد میں چھوڑ دیا گیا اور رفتہ رفتہ یہ عمارت کھنڈر بن گیا۔ گوادر شہر کے پرانے مقامات اور ثقافتی ورثہ کے حامل عمارتوں کی بحالی اور تحفظ کے لئے مقامی سطح پر سوشل میڈیا پر باقاعدہ کمپین بھی چلائی گئی۔ اِس کے علاوہ آرسی ڈی کونسل گوادر نے گوادر کے قدیم ثقافتی ورثہ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے اپنے سالانہ کتاب میلہ 2019ء میں اِس کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا تھا۔
اب جی ڈی اے گوادر نے اپنے رئیبلیٹیشن اولڈ ٹاؤن کے منصوبے کے نام پر گوادر کے پرانے مقامات کی بحالی کا منصوبہ شروع کیا ہے جس میں ٹیلیگراف کی تاریخی عمارت کی بحالی کا بھی منصوبہ شامل ہے اور اِس منصوبے کے تحت ٹیلیگراف کی عمارت کی تزئین و آرائش کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ لیکن سوال یہ ہے آثار قدیمہ یا ثقافتی ورثہ کی بحالی کے بعد اِن کا تحفظ کیسے کیا جائے گا؟
کیونکہ آثار قدیمہ یا ثقافتی ورثہ کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ اِن کے دوبارہ استعمال کو اِن کے لئے پائیدار سمجھا جاتا ہے. گوادر میں ٹیلیگراف کی عمارت کے علاوہ دیگر بھی قدیم تاریخی عمارتیں موجود ہیں جن کی بحالی کے بعد اُن کا کمیونٹی مقاصد یا اِن کو میوزیم میں تبدیل کرکے استعمال میں لایا جاسکتا ہے جس سے اِن تاریخی عمارتوں کی دیکھ بھال اور تحفظ کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔
تاہم شہری حلقوں نے گوادر کے پرانے مقامات کی بحالی اور تزئین و آرائش کے منصوبے کو خوش آئند قرار دے دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ٹیلیگراف کی عمارت کی بحالی کے بعد اسے پائیدار بنانے کے لئے اِس کی دیکھ بھال اور تحفظ کو بھی ممکن بنانے کے اقدامات بروئے کار لائے جائینگے۔
Comments
Post a Comment