ملا کمالان ہوت کی یاد میں تقریب

 


عبدالحلیم حیاتان

بلوچی میوزک پروموٹر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام 21 فروری 2023 کو عظیم بلوچی کلاسیکل گلوکار ملا کمالان ہوت کی تیرویں برسی کے موقع پر اُن کی یاد میں آر سی ڈی کونسل گوادر میں فقید المثال تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز بلوچی راجی ترانہ "ما چُکیں بلوچانی" کے خوبصورت دُھن اور سَاز پر کیا گیا۔ 

تقریب کی صدارت بلوچی میوزک پروموٹر سوسائٹی کے صدر بلوچی زبان کے قلمکار اسحاق رحیم نے کی۔تقریب کے ابتدائی کلمات بلوچی میوزک پروموٹر سوسائٹی کے سابقہ صدر داؤد کلمتی نے ادا کئے جبکہ بجار بلوچ نے بلوچی میوزک پروموٹر سوسائٹی کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ 

تقریب میں بلوچستان اور ایرانی بلوچستان کے بلوچ ادیب اور دانشوروں نے ملا کمالان ہوت کے فَن اور زندگی پر خصوصی مقالے پیش کئے۔ جس میں ملا کمالان ہوت کے فَن کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ملا کمالان ہوت بلوچی کلاسیکل موسیقی کے عظیم گلوکار تھے جو بلوچی کلاسیکل شاعری کو منفرد انداز اور غیر معمولی طرز پر سناتے تھے۔ ملا کمالان ہوت کا فن بلوچی کلاسیکل موسیقی کا اہم باب ہے جسے کبھی بھی بھلایا نہیں جاسکتا۔ 

ملا کمالان ہوت کے فن کا اہم خاصا یہ تھا کہ انہیں ہر طرح کی بیان کی گئی بلوچی کلاسیکل شاعری ازبر تھی جس نے ملا کمالان ہوت کے فن کو غیر معمولی سطح تک پہنچایا۔ بلوچی کلاسیکل شاعری سے بلوچ کی تاریخ پیوستہ ہے یہ شاعری قطعاً عام شاعری نہیں ہے بلکہ اِس میں بلوچ کی جنگی اور مھر و وفا کی داستانوں سے لیکر بلوچ کی بہادری، مہمان نوازی اور میار جلی سمیت بلوچ کی تہذیب و تمدن سے بہرہ مند مند ہونے کا موقع ملتا ہے۔

بلوچ کی بیشتر تاریخ اور اِن سے جُڑے حالات و واقعات بلوچی کلاسیکل شاعری میں پنہاں ہیں ملا کمالان ہوت سمیت دیگر بلوچی کلاسیکل گلوکاروں نے اِسے نسل در نسل آگے پہنچانے کا فریضہ سرانجام دیا۔ ایک طرح سے ملا کمالان ہوت نے اپنے فن کے تہیں موجودہ نسل کو بلوچ تاریخ سے روشناس کرایا ہے۔

بلا شبہ ملا کمالان ہوت اپنے عہد کے بلوچی کلاسیکل موسیقی کے عظیم گلوکار گزرے ہیں۔ اِس کے علاوہ ملا کمالان ہوت خود بھی شعر تخلیق کرتے تھے۔ ملا کمالان ہوت اپنے فن اور شاعری کی بدولت بلوچ کلاسیکل موسیقی کا اہم اثاثہ بن گئے ہیں۔ 

جب بھی بلوچی کلاسیکل موسیقی کا باب کھلے گا یا اِس بارے میں گفتگو ہوگی ملا کمالان ہوت کا نام اِس میں نمایاں ہوگا۔ ملا کمالان ہوت کی بلوچی کلاسیکل شاعری یا گائیگی بلوچی ادب کا اہم جُز ہیں ملا کمالان ہوت کی سریلی آواز بلوچی کلاسیکل موسیقی کے مداحین کے کانوں میں ہمیشہ رَس گھولتی رہے گی۔

 بلوچی کلاسیکل شاعری اور موسیقی کے فروغ کے لئے بلوچ ادیبوں اور دانشوروں کو تحقیق کرنی کی ضرورت ہے تاکہ بلوچی ادب، تاریخ اور موسیقی کا یہ باب نسل نو کے لئے محفوظ اور مشعل راہ بن سکے۔ 

مقالے پیش کرنے والوں میں بلوچی میوزک پروموٹر سوسائٹی کے سابقہ صدر گلزار گچکی، ڈاکٹر بدل خان، ڈاکٹر اے آر داد، کریم باشندہ، علی بخش دشتیاری اور صادق صباء شامل تھے۔ تقریب میں ملا کمالان ہوت کے فرزند خلیل ہوت نے ملا کمالان کے فَن اور زندگی پر روشنی ڈالی۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے گوادر میر حمل کلمتی نے بلوچی میوزک پروموٹر سوسائٹی کی بلوچی موسیقی کے فروغ اور تحفظ کے لئے کردار کو سراہا اور گوادر میں بلوچی میوزک پروموٹر سوسائٹی کی عمارت کے قیام کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ 

تقریب میں ملا کمالان ہوت کا شعری مجموعہ "زِرگوات" جسے ملا کمالان ہوت کے فرزند گل محمد ہوت نے مرتب کیا ہے کی رونمائی کی گئی۔ تقریب کے آخر میں بلوچی کلاسیکل موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں معروف بلوچی کلاسیکل گلوکاروں نے اپنے فن کا جادو جگاکر حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ 

تقریب کے نظامت کے فرائض بلوچی میوزک پروموٹر سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری اسحاق خاموش نے اداکئے۔ 

Comments

Popular posts from this blog

گْوادر: واٹر ٹیبل میں غیر معمولی اضافہ کیوں ہونے لگا؟

اُستاد عبدالمجید گْوادری ءِ سالروچ

گْوادر کا ”ملا فاضل چوک“ خبروں میں