گوادر کتاب میلے کا آغاز



 عبدالحلیم حیاتان 

آر سی ڈی کونسل گوادر کے زیر اہتمام چار روزہ گوادر کتاب میلے کے آٹھویں ایڈیشن کا آغاز ہوگیا ہے۔ کتاب میلے کی افتتاحی تقریب کا آغاز بلوچی زبان کے معروف شاعر استاد عبدالمجید گوادری کے شعر سے کیا گیا جس میں YDZ بینڈ نے گوادر گرائمر اسکول کے بچوں کے ساتھ فرفارم کیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خاص ایم پی اے گوادر میر حمل کلمتی تھے۔

جبکہ دیگر اہم مہمانوں میں ملک کے معروف سیاست دان سابقہ سینیٹر مصطفٰی نواز کھوکھر، یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، انجمن ترقی اردو پاکستان کی ڈاکٹر فاطمہ حسن، پاکستان کے معروف ترقی پسند رہنماء محمد تحسین، بلوچی زبان کے معروف ادیب ڈاکٹر اے آر داد اور آر سی ڈی کونسل گوادر کے سرپرست اعلٰی خدابخش ہاشم شامل تھے۔ 

افتتاحی تقریب کے آغاز سے قبل سانحہ بارکھان کے شہداء کے لئے تقریب کے شرکاء نے احتراما کھڑے ہوکر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ اس موقع پر سانحہ بارکھان اور بلوچستان میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف مذمتی قرار داد پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ سانحہ بارکھان میں ملوث ملزمان کو سزادی جائے۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے گوادر میر حمل نے کہا کہ بلا  شبہ زبان اور ادب کے فروغ سے معاشرے میں مثبت سرگرمیوں جنم لیتی ہیں گوادر ہمیشہ سے علم و ادب کا گہوارہ رہا ہے یہاں کتاب دوستی کا چلن صدیوں پر محیط ہے۔ بحیثیت عوامی نمائندہ میری ترجیحات میں ہمیشہ سے تعلیم کا فروغ شامل رہا ہے اگر بحیثیت قوم ہمیں مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے تو ہمیں تعلیم کے حصول کے لئے کوشش کرنی ہوگی۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے معروف سیاسی رہنماء سابقہ سینیٹر مصطفٰی نواز کھوکھر نے کہا کہ ملک میں سیاست اور معیشت کا بریک ڈاؤن پیدا ہوچکا ہے اور اس کی وجہ سے خدانخواستہ معاشرہ بھی بریک ڈاؤن کی طرف جاسکتا ہے کیونکہ ملک کی 75 سالہ تاریخ میں عوام سے کبھی بھی سچ نہیں بولا گیا جس کسی نے بھی امید کی چراغ روشن کرنے یا پھول اگھانے کی کوشش کی اسے روشنی پیھلانے اور کھلنے سے پہلے ختم کیا گیا۔ بحیثیت سیاست دان ہم سب ناکام ہوچکے ہیں ہمیں امیدوں کو زندہ رکھنا ہوگا گوادر کتاب میلہ نسل نو کی شعوری اور علمی تربیت کا بہترین ذریعہ ہے گوادر میں کتاب دوستی، علم اور ادب سے شغف کا رجحان دیکھکر خوش گوار حیرت ہوئی ہے۔ اس سے علم و ادب کی روشنی پھیلی گی۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا کہ آر سی ڈی کونسل گوادر کی جانب سے کتاب میلے کا تسلسل برقرار رکھنا اہمیت کا حامل ہے اور کتاب دوست معاشرہ کبھی بھی پستی کی طرف نہیں جاسکتا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجمن ترقی اردو پاکستان کی ڈاکٹر فاطمہ حسن نے کہا کہ آدمی کے انسانیت کا سفر آرٹ اور ادب کے فروغ سے وابستہ ہے، فنون اور ادب درندگی سے نکال انسان بناتی ہے۔ انسانی شعور وہ راستہ ہے جو انسان کو فلاح کی طرف لے جاتی ہے۔ شعور کا دریا نہیں روکا جاسکتا۔ قلم ہی قبیح رسم کے خلاف موثر ہتھیار ہے۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اے آر داد نے کہا کہ گوادر میں کتاب شناسی کا چلن بہت پرانا ہے۔ کب بینی اور کتاب سے محبت کرنے والے معاشرے کبھی بھی جہالت کے گھپ اندھیروں میں نہیں جاسکتے جو بھی شخص کتاب سے قربت رکھے گا وہ فلاح پائے گا۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر سی ڈی کونسل گوادر کے سرپرست اعلی خدابخش ہاشم نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اس موقع پر انہوں نے کتابوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ افتتاحی تقریب کے نظامت کے فرائض آر سی ڈی کونسل گوادر کے صدر ناصر رحیم سہرابی نے اداکیئے۔ کتاب میلہ کا افتتاح یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ 

کتاب میلے کے پہلے دن چار سیشنز منعقد کئے گئے۔ پہلے سیشن میں دو کتابوں کی رونمائی کی گئی جس میں بلوچی زبان کے معروف ادیب غلام فاروق کی جانب سے خلیل جبران کا ناول بلوچی زبان میں ترجمہ کیا گیا "پرشتگیں بانزل" اور عبدالحلیم حیاتان کی جانب سے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے بلوچی افسانوں کی کتاب اردو میں ترجمہ کیا گیا "جنت آباد" شامل تھے۔ بلوچی زبان کے معروف قلمکار اسحاق رحیم نے پرشتگیں بانزل اور ناصر رحیم سہرابی نے جنت آباد پر تبصرہ کیا۔ میزبانی کے فرائض اسلم تگرانی نے اداکیئے۔ 

دوسرے سیشن میں ترقیاتی منصوبہ بندی اور عوامی عدم اطمنان پر جواد کی میزبانی میں پینل ڈسکشن ہوا۔ پینلسٹ میں سابقہ وزیر اعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، بلوچ دانشور عبدالرحیم ظفر، محمد تحسین اور سابقہ تحصیل ناظم ماجد سہرابی شامل تھے۔ تیسرے سیشن میں صلاح الدین بیوس کی قصہ گوئی کی مجلس منعقد ہوئی۔ میزبان زرخان داد تھے۔ آخری اور چوتھے سیشن میں مختصر دورانیہ کے فلموں کی اسکریننگ کی گئی۔ گوادر کے نوجوان فلمساز ذاکر داد نے میزبانی کے فرائض اداکئے۔ 

Comments

Popular posts from this blog

گْوادر: واٹر ٹیبل میں غیر معمولی اضافہ کیوں ہونے لگا؟

اُستاد عبدالمجید گْوادری ءِ سالروچ

گْوادر کا ”ملا فاضل چوک“ خبروں میں